عوام کٹھ پتلی وزیر اعظم کے سامنے سرجھکانے کو تیار نہیں، بلاول بھٹو زرداری

0 219

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آج عوام نے یہ پیغام دے دیا ہے کہ وہ کسی کٹھ پتلی کے سامنے سر جھکانے اور سلیکٹڈ وزیر اعظم کو ماننے کو تیار نہیں ہیں۔

اسلام آباد میں آزادی مارچ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ‘آزادی مارچ کے شرکا کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے متفقہ طور پر حکومت کو گھر جانے کا پیغام دے دیا اور عوام نے بتادیا کہ وہ کسی کٹھ پتلی کے سامنے سر جھکانے اور سلیکٹڈ وزیر اعظم کو ماننے کو تیار نہیں ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ‘جو قوتیں چاہتی ہیں کہ اس ملک میں طاقت کا سرچشمہ عوام نہ ہو بلکہ ریاست ہو، ڈنڈا ہو اور بندوق ہو ان قوتوں نے ذوالفقار علی بھٹو کو تختہ دار پر لٹکا دیا مگر ہم نے کسی آمر کے آگے سر نہیں جھکایا، کسی آمریت کو قبول نہیں کیا، پھر بےنظیر بھٹو شہید نے پارٹی کا پرچم تھاما اور آمر سے ٹکرائیں لیکن سر نہیں جھکایا اور دہشت گردوں کے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جام شہادت نوش کیا۔

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومتیں عوام کا خیال نہیں رکھتیں، مہنگائی کرکے عام آدمی کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، ٹیکسز کی وجہ سے چھوٹے تاجروں کا معاشی قتل ہو رہا ہے جبکہ پنشنز میں اضافہ نہ کر کے بزرگوں کا معاشی طور پر قتل کیا جا رہا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ‘آج تمام سیاسی جماعتوں اور عوام نے مل کر وزیر اعظم کو یہ پیغام پہنچایا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ سلیکٹڈ کو جانا پڑے گا، وزیر اعظم کو جانا پڑے گا اور اپوزیشن کی جدوجہد کامیاب ہوگی۔

تبصرے
Loading...