پاکستانی گلوکارہ کا اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان

0 336

گلوکارہ رابی پیرزادہ نے شوبز کو خیرباد کہنے کے بعد اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کردیا۔رابی پیرزادہ نے 2 ہفتے قبل اپنی ذاتی ویڈیوز لیک ہونے کے بعد لوگوں کے رویوں سے تنگ آکر شوبز انڈسٹری کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، تاہم انہوں نے وضاحت نہیں کی تھی کہ وہ کیا کرنے جا رہی ہیں۔

رابی پیرزادہ کی جانب سے شوبز کو خیرباد کہنے پر جہاں شوبز کی شخصیات نے اسے مایوس کن فیصلہ قرار دیا تھا، وہیں کئی مداحوں نے بھی اداکارہ سے اپنا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

تین دن قبل ہی انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے خانہ کعبہ کی کچھ بنائی گئی پینٹنگز شیئر کرتے ہوئے زندگی کی نئی شروعات کا اعلان کیا تھا۔

کچھ مداحوں کا خیال تھا کہ اداکارہ شوبز چھوڑنے کے بعد اب مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزاریں گی اور ممکنہ طور پر رابی پیرزادہ اب نعت خوانی میں قسمت آزمائیں گی لیکن خود انہوں نے اس کی کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔

لیکن 14 نومبر کو ان کی ایک مختصر ویڈیو سامنے آئی، جس میں انہوں نے شوبز چھوڑ کر اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کیا۔

تقریبا 9 منٹ دورانیے کی ویڈیو میں رابی پیرزادہ سیاہ لباس اور پردے میں دکھائی دیں، ویڈیو کے دوران بات کرتے ہوئے وہ متعدد بار اشکبار ہوتے ہوئے بھی دکھائی دیں، ویڈیو میں جہاں انہوں نے اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کیا، وہیں انہوں نے ویڈیوز لیک ہونے کے بعد خود کو پیش آنے والی مشکلات کا بھی ذکر کیا۔

رابی پیرزادہ نے ویڈیو کے آغاز میں ہی اسلامی تعلیمات کا ذکر کیا اور مداحوں کو مشکلات میں خدا سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔

ویڈیو میں بات کرنےکے دوران رابی پیرزادہ متعدد بار اشکبار ہوئیں اور کہا کہ لوگ اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی باتیں کرتے ہیں، تاہم منافق لوگ اسلامی تعلیمات پر عمل نہیں کرتے۔

اسی ویڈیو میں انہوں نے اعلان کیا کہ اب وہ اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزاریں گی اور وہ نعت خوانی کے ساتھ ساتھ صوفیانہ کلام بھی گا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب وہ جو کچھ بھی کریں گی اسلامی تعلیمات کے مطابق کریں گی، اگر انہوں نے اپنی آواز کو استعمال کیا تو وہ نعت و حمد خوانی میں استعمال ہوگی یا پھر وہ صوفیانہ کلام گائیں گی۔

تبصرے
Loading...